طاہر حسین اندرابی 11

بھارتی وزیر دفاع کا بیان مسترد، کسی بھی مہم جوئی کیلئے تیار ہیں،دفتر خارجہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جموں و کشمیر تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے، بھارتی وزیر دفاع کا بیان جموں و کشمیر تنازع کے حقائق کو مسخ کرتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضے سے توجہ ہٹانا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی حکومت علاقائی اور عالمی امن و سلامتی خطرے میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت پاکستانی عوام اور حکومت کے غیر متزلزل عزم کو کمزور نہ سمجھے، پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ معرکہ حق کے دوران پوری قوم اور مسلح افواج نے اس عزم کا مظاہرہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی اور داخلی عدم استحکام سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، عالمی برادری بھارت کے مسلسل جارحانہ طرز عمل کا نوٹس لے۔

بیان کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی ضمانت سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ہے، اقوام متحدہ بھارت کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرائے۔ قبل ازیںگزشتہ رات وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے بھی بھارتی وزیرِ دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتتے ہوئے کہاتھاکہ بھارت کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات اس کے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ریکارڈ کے باعث ناقابلِ اعتبار ہیں۔

جموں و کشمیرسے متعلق گمراہ کن اور جھوٹے بھارتی بیانیہ پر شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پراپنے بیان میں کہا کہ بھارت سیاسی پروپیگنڈے کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو مسخ نہیں کر سکتا، پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے،ایسے بیانات قانونی حقائق کو سیاسی پروپیگنڈے اور دھونس کے ذریعے مسخ کرنے کی ایک اور ناکام بھارتی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ گمراہ کن بھارتی بیانات نہ تو جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرسکتے ہیں اور نہ خطہ کے امن میں کوئی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ وزیر دفاع نے کہاکہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات اس کے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ریکارڈ کے باعث ناقابلِ اعتبار ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا میں دہشتگردی کی سب سے بڑی سرپرست ریاست اور عدم استحکام کا بنیادی محرک ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت اپنے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کے ذریعے پورے خطے کو یرغمال بنائے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی خطے میں بین الریاستی تصادم کی شدت اور خطرات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے،پاکستان امن اور مذاکرات کی اپنی پالیسی پر قائم ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے عزم غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کے حالیہ بیانات ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی بحران اور مودی حکومت کیخلاف عوامی بے چینی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں