عدنان صدیقی 11

والدین بچوں کی تعلیم کے ساتھ کرداری سازی پر بھی توجہ دیں، عدنان صدیقی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)معروف اداکار عدنان صدیقی نے اپنی صاحبزادی مریم کی گریجویشن پر جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔

سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کو گریجویشن کی مبارک باد دیتے ہوئے عدنان صدیقی نے لکھا کہ تم آج جس شخصیت کی مالک ہو، وہی میری سب سے بڑی کامیابی ہے، تمہاری گریجویشن ایک اہم سنگِ میل ہے، لیکن تمہاری اقدار ہی تمہاری اصل کامیابی ہیں، مجھے تم پر بے حد فخر ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ زندگی میں کچھ لمحے انسان کو مسکرا دیتے ہیں اور کچھ لمحے دل کو شکر ادا کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں، الحمدللہ! اپنی اولاد کو گریجویشن کرتے دیکھنا انہی یادگار لمحات میں سے ایک ہے۔

اداکار نے والدین کی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ والدین برسوں تک فکر کرتے، قربانیاں دیتے، رہنمائی کرتے اور کبھی سوچتے ہیں کہ آیا وہ کافی کر رہے ہیں یا نہیں، لیکن ایسے دن یہ احساس دلاتے ہیں کہ ہر بے خوابی، ہر مشکل گفتگو اور اخلاق، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کا ہر سبق رائیگاں نہیں گیا۔عدنان صدیقی نے دیگر والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صرف اپنے بچوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری نہ کریں بلکہ ان کے کردار پر بھی توجہ دیں، ڈگریاں مواقع فراہم کرتی ہیں،

مگر عاجزی، ہمدردی اور دیانت داری یہ طے کرتی ہیں کہ انسان زندگی میں کتنی دور تک جائے گا۔اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے اپنی بیٹی کیلئے دعا بھی کی اور خود کو ایک فخر محسوس کرنے والا والد قرار دیا۔اداکار کی اس پوسٹ کو مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جنہوں نے ان کے جذباتی پیغام اور بچوں کی تربیت سے متعلق خیالات کی تعریف کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں