حسن مرتضیٰ 4

نئے صوبوں سے مہنگائی مبے روزگاری ختم نہیں ہوگی، اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں، حسن مرتضیٰ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پیپلز پارٹی نے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے بلدیاتی نظام کے نفاذ، عوام کو انکی دہلیز پر ریلیف کی فراہمی اور آئینی تقاضوں کے مطابق فیصلوں پر زور دیا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ نئے صوبے بنانے سے نہ مہنگائی ختم ہوگی، نہ بے روزگاری میں کمی آئے گی اور نہ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوں گی،

اصل ضرورت عوامی مسائل حل کرنے اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ہے۔پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن مرتضی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے ہمیشہ عوامی قیادت کا کردار بہتر انداز میں ادا کیا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کو پارٹی نے دلیل کے ساتھ مسترد کیا ہے۔ پریس کانفرنس میں عثمان ملک، احمد جواد رانا، علامہ یوسف اعوان، چودھری ریاض، عائشہ نواز چودھری، ملک عمران کھوکھر، ذیشان شامی، احمد رحمن گھمن، شاہدہ جبیں اور عائشہ غوری سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

حسن مرتضیٰ نے سوال اٹھایا کہ کیا نئے صوبے بنانے سے بے روزگاری اور مہنگائی ختم ہو جائے گی یا پیٹرول اور ایل پی جی سستی ہو جائے گی؟ ،حکومت کو چاہیے کہ نئے یونٹس کی بحث میں الجھنے کے بجائے عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور ریلیف فراہم کرے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کسی وزیر یا کابینہ رکن کی جانب سے سسٹم کے کولیپس ہونے کی بات کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔ اگر واقعی نظام تباہ ہو چکا ہے تو حکومت کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد بھی ایسا نظام قائم نہیں کیا جا سکا جس کے ذریعے اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل ہوتے۔ پیپلز پارٹی کے بارہا مطالبے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے گئے، حالانکہ بلدیاتی نظام کے ذریعے نئے لوگ اور قیادت سامنے آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پابندیاں لگا کر بلدیاتی نظام اور طلبہ سیاست کے راستے بند کر دیے ہیں۔

ایک گلی اور نالی کی ترقیاتی سکیم کو بھی سیاست کی نذر کر دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے بجائے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں اور ریلیف دینا چاہتی ہے۔نئے صوبوں کے قیام کی بحث پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دو ہسپتال نہیں سنبھالے جا رہے اور نئے صوبے بنانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ حکومت کے غیر ترقیاتی اخراجات اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ حکومتی ترجیحات عوامی مسائل سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ حکومت کاسمیٹک اقدامات کے ذریعے ملک چلانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ریفرنڈم کے حوالے سے حسن مرتضی نے کہا کہ ملک میں ماضی میں ہونے والے دونوں ریفرنڈم غیر آئینی تھے، جن کے اثرات عوام نے برسوں بھگتے۔ ضیا اور مشرف کے ریفرنڈم کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام جیسے اہم معاملے پر آئینی تقاضے پورے کرنا ضروری ہے اور اس کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چاہے 12کے بجائے 18صوبے بنا دیے جائیں، لیکن اگر یہ عمل آئینی طریقے سے نہ ہوا تو مسائل مزید بڑھیں گے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن مرتضی نے کہا کہ وزیراعظم میاں صاحب کو آٹھ ماہ پہلے پیٹرول سستا کرنے کا خیال کیوں نہیں آیا؟ بجلی مہنگی ہونے کے وقت عوام سے محبت کیوں نہیں جاگی؟ چھوٹے میاں صاحب آٹھ ماہ تک مہنگا تیل فروخت کرتے رہے، اب عوام سے محبت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو تھو کی پالیسی نہیں چل سکتی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔انہوں نے زراعت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ زرعی شعبے کی تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟ حکومت نے فوڈ سکیورٹی کا سلسلہ ہی بند کر دیا ہے۔ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے مذاکرات کے حوالے سے بھی انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کا کوئی مثبت نتیجہ نظر نہیں آ رہا، حکومت کو ٹھوس پالیسی اختیار کرنا ہوگی۔حسن مرتضی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کی بحث کو فل اسٹاپ دے دیا ہے، کیونکہ اس وقت ملک کو غیر ضروری بحث کے بجائے حقیقی مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنڈم نئے صوبوں پر نہیں بلکہ لیوی کے معاملے پر ہونا چاہیے۔انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے اور فریال تالپور پانچ روزہ دورے کے دوران مختلف وفود سے ملاقاتیں کریں گی، عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیں گی اور تحصیل کی سطح تک کارکنوں سے رابطے کریں گی۔ وہ ڈویژنوں کے دورے بھی کریں گی تاکہ کارکنوں کے تحفظات دور کیے جا سکیں۔حسن مرتضی نے پنجاب کے جیالوں کو عوامی قیادت کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو فعال اور مضبوط بنانے کے لیے قیادت اپنا کردار ادا کرنے آ رہی ہے۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی نے جو سیاسی کردار ادا کرنا شروع کیا ہے، اس کے ثمرات جلد سامنے آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں