جاوید قصوری 66

مولا نا ہدایت الرحمان بلوچستان کے عوام کی حقو ق کی بات کر رہے ہیں، جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مولانا ہدایت الرحمان کی قیادت میں لانگ مارچ کے شرکا لاہور پریس کلب کے باہر دھرنا دے رہے ہیں، حکومت مذاکراتی عمل کو تیز کرے، مولانا ہدایت الرحمان بلوچستان کے عوام کے لئے وفاق سے حقوق کی بات کر رہے ہیں ، ان کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ بلوچستان کے لوگوں کو درپیش مشکلات کا حل چاہتے ہیں ،پنجاب کے 12کروڑ عوام اپنے بلوچی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

محمد جاویدقصوری نے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ جس میں کہا گیا ہے کہ” چینی کے موجودہ بحران میں شوگر ملز مالکان نے 3 سو ارب روپے زیادہ کمائے” پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مافیا نے پورے نظام کو تلپٹ کرکے رکھ دیا ہے۔ کرپٹ عناصر ملک و قوم کی تقدیر کے مالک بن چکے ہیں ۔ جولائی 2024 سے جون 2025کے درمیان چینی برآمد کرنے والی شوگر ملز کے ریکارڑ کے مطابق چینی بحران کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادوں کی ملکیت رمضان شوگر ملز نے2ارب 41کروڑ روپے کی چینی برآمد کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 67شوگر ملز نے 40کروڑ ڈالر مالیت کی چینی برآمد کی، جس میں سب سے زیادہ 7کروڑ 30لاکھ 90ہزار کلو چینی جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز نے برآمد کی۔

اتاندلیاں والا شوگر ملز نے 4کروڑ 14لاکھ 12ہزار 200کلو اور حمزہ شوگر ملز نے 3کروڑ 24لاکھ 86ہزار کلو چینی برآمد کی۔حکومتی تمام تر دعووں کے باوجود چینی کا ریٹ 200 سے کم نہیں ہورہا۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے صبح و شام دعویدار درحقیقت دونوں ہاتھوں سے لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔24کروڑ عوام کو کوئی پرسان حال نہیں، ادارے لوٹ مار کی وجہ سے بدحال اور تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں، المیہ یہ ہے کہ کوئی ایک شعبہ اور ادارہ ایسا نہیں جس کی سرپرستی حکومت کر رہی ہو اور وہ بہتر کارکردگی دکھا رہا ہو۔ جب تک کرپٹ عناصر کا قلع قمع نہیں ہوتا اس وقت تک بہتری کی کوئی امید نہیں اور یہ کام حکومت کو اپنی صفوں سے شروع کرنا ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں