کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، مواقع اور سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں جوانوں کی صلاحیتیں ضائع ہورہی ہیں۔
بلوچستان ہمارے جسم کا حصہ اور دل کا ٹکڑا ہے ۔بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور ہمارااثاثہ ہیں۔جماعت اسلامی یہاں کے نوجوانوں کو آئی ٹی تعلیم دے گی، بااختیار بنائے گی اور ان کے حقوق کی آواز بنے گی۔ بنوقابل پروگرام کے ذریعے طلبا ونوجوانوں کوہنر،ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے ۔ بنوقابل پروگرام میں دس ہزارسے زائدطلبا وطالبات نے حصہ لیا۔
کوئٹہ میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب اور وفودسے ملاقات کے دوران حافظ نعیم نے کہا کہ بلوچستان کی آگ بجھانے کیلئے عوام کوسہولیات، روزگاراورمعیاری تعلیم کے مواقع دئیے جائیں ۔ حکومت کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے مواقع نہیں دیئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے مایوسی ناراضگی تک پہنچ گئی ہے۔









