راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ایان بشپ نے سری لنکا کے خلاف شاندار بیٹنگ پر پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں360 ڈگری بیٹر قرار دیا ہے۔
معاذ صداقت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں صرف 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔وہ اپنی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری سے محض 4 رنز کی دوری پر رہ گئے۔ایان بشپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں معاذ صداقت کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026ء میں جمیکا کنگز مین کی جانب سے کھیلتے ہوئے معاذ صداقت کی صلاحیت دیکھ کر خوشی ہوئی تھی۔انہوں نے لکھا کہ نوجوان بلے باز کی اچھی فارم پاکستان کے لیے بھی برقرار ہے اور میں ان کے کامیاب مستقبل کے لیے خواہاں ہوں۔
ایان بشپ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں معاذ صداقت کی تعریف کرتے ہوئے انہیںاچھا 360 ڈگری بیٹرقرار دیا۔یہاں یہ واضح کرنا اہم ہے کہ 360 ڈگری بیٹر سے مراد ایسا بلے باز ہے جو میدان کے مختلف حصوں میں مختلف انداز سے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔واضح رہے کہ معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے تھے۔کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی 44 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔دوسری جانب سری لنکن ٹیم پاکستانی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکی اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز تک محدود رہی اور پاکستان نے 82 رنز سے میچ جیت کر 3 میچز کی سیریز میں 0ـ2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔









