لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے اتحاد، استحکام اور باہمی اعتماد کی جانب ایک اہم اور تاریخی پیشرفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان انہوں نے کہا کہ مقدس سرزمین مکہ مکرمہ سے دنیا کو یہ واضح پیغام ملا ہے کہ مسلم ممالک باہمی تعاون، یکجہتی اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ جیسے اہم اسلامی ممالک کا دفاعی تعاون خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ہونے والا یہ معاہدہ اسلامی دنیا کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف ساری قوم کے لئے باعث فخر ہے اور ایسے اقدامات سے ملک کا وقار مزید بلند ہوگا۔تاجر برادری قومی سلامتی، ملکی خودمختاری اور مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کے ہر مثبت اقدام کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔









