مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب کا ڈینگی سے عوام کو بچانے کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈینگی سے عوام کو بچانے کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں ڈینگی کا تیزی سے پھیلنے کے زمہ دار صرف اور صرف عمران خان اور بزدار ہیں ،ڈینگی سے عوام کو بچانے کا طریقہ کار اور شہباز شریف کا تیار کردہ نظام موجود ہے، عمران صاحب اس پر عمل بھی نہ کرسکے۔ انہوںنے کہاکہ وضع شدہ طریقہ کار پر عمل کیا جاتا تو ڈینگی سے عوام کی جان بچائی جاسکتی تھی ۔ انہوں نے شہباز شریف کے مانیٹرنگ سیلز کو دوبارہ سے فعال کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف کے بنائے ایس اوپیز کو ہنگامی طور پر نافذ کیا جائے ،لوگوں کی جانیں جا رہی ہیں لیکن بے حس حکومت کو بروقت سپرے اور دیگر اقدامات کرنے کی توفیق نہ ہوئی۔

انہوںنے کہاکہ پورے ملک میں ڈینگی کی تعداد منٹوں کے حساب سے بڑھنا حکومتی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کی انتہا ہے ،حکومت کے عوام کے تحفظ کے لئے کوئی اقدامات نظر نہیں آرہے،ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کا کوئی پْرسانِ حال نہیں ہے ،نہ کوئی حکمت ِ عملی ، نہ مانیٹرنگ ہے، نہ تیاری، اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ظالم حکمران اب ان کی زندگی چھین رہے ہیں ،مجرمانہ غفلت برتی گئی، اب عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے بعد ڈینگی اور بیماریاں عوام کی جان لے رہی ہیں اور حکومت غائب ہے۔