تہران (رپورٹنگ آن لائن)ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ مذاکرات خطے میں نئے اور مثبت ماحول کی عکاسی کرتے ہیں، ہماری بہت اچھی بات چیت ہوئی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر، سعودی وزیر دفاع اور ترک اعلی حکام کے ایرانی صدر سے مذاکرات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محسن رضائی نے کہا کہ تینوں ممالک کے رہنمائوں کی گفتگو میں بہت مثبت فضا محسوس کی۔
انہوں نے کہا کہ تینوں کا ماننا تھا کہ اگر ہم چاروں ممالک متحد ہوجائیں تو خطے کے بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے۔ اس تعاون کا آغاز بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔ امید ہے چاروں ممالک کے درمیان ٹھوس عملی اقدام کی شروعات ہوگی۔ محسن رضائی کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ یہ حقیقی اور عملی بنیاد رکھنے کی شروعات ہوسکتی ہے۔ اسی لیے ہم نے فی الحال کوئی بیان جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مگر بعد میں وہ بیان جاری کریں گے جس پر اتفاق ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معاملات کو عملی اور حقیقی انداز میں آگے بڑھانے کی جانب پیش قدمی کریں گے۔محسن رضائی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بہت سی دھمکیاں دی جارہی ہیں، تینوں ممالک کے دورے سے ظاہر ہوا کہ امریکی دھمکیوں کا دنیا پر زیادہ اثر نہیں ہوا۔ایرانی سیکیورٹی چیف نے کہا کہ امریکی دھمکیوں کا اثر ہوتا تو تین بڑے ممالک ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات نہ کرتے، جو بہت معنی خیز بات ہے، یقین ہے کہ یہ حقیقی اور عملی تعاون کی بنیاد رکھنے کی شروعات ہو سکتی ہے۔







