سید یوسف رضا گیلانی 13

اقتصادی ترقی کے لیے افریقی منڈیوں تک رسائی ناگزیر ہے، یوسف رضا گیلانی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے افریقی منڈیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مؤثر اور آسان بنانے کے لیے سینیٹ قانون سازی میں تعاون اور پالیسی معاونت فراہم کرے گی۔وہ یوسف دیوان کمپنیز کے گروپ چیئرمین اور پاکستان ایس اے ڈی سی چیمبر ٹریڈ فیڈریشن (PSCTF) کے سرپرستِ اعلیٰ دیوان محمد یوسف فاروقی (ستارہ امتیاز) کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب دیوان گروپ آف کمپنیز کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ، دوطرفہ تجارت میں اضافے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دیوان یوسف فاروقی نے چیئرمین سینیٹ کو کراچی میں حال ہی میں منعقد ہونے والی پہلی افریقہ سفارتی و اقتصادی کانفرنس 2026ء کے نتائج اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس سلسلے کو آگے بڑھانے کے لیے 28 اکتوبر 2026ء کو اسلام آباد میں ایک مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا، جس کا مقصد ایک منظم ”ایکشن پلان افریقہ” کو حتمی شکل دینا ہے۔مجوزہ منصوبے کے تحت تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ دیوان یوسف فاروقی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو باضابطہ طور پر اسلام آباد کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی، تاکہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے قانون سازی سے متعلق رہنمائی حاصل کی جاسکے۔اجلاس میں سفارتی اور کاروباری حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جن میں جرمنی، عمان، قطر اور انڈونیشیا کے قونصل جنرلز جبکہ یمن، موزمبیق اور کوٹ ڈی آئیور کے اعزازی قونصلز شامل تھے۔

پاکستان ایس اے ڈی سی چیمبر ٹریڈ فیڈریشن کے بانی چیئرمین محمد رفیق میمن اور پاکستان چیپٹر کے صدر سید معزالدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔پاکستانی برآمد کنندگان کو درپیش مسائل اور افریقی منڈیوں تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان ایس اے ڈی سی چیمبر ٹریڈ فیڈریشن کے چیئرمین محمد رفیق میمن نے موجودہ عملی مشکلات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیڈریشن کے اقدامات کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے ساتھ مربوط کرنے سے ان رکاوٹوں کو مؤثر انداز میں دور کرنے میں مدد ملے گی۔اجلاس کے اختتام پر شرکا نے پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی روابط اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دیوان یوسف فاروقی نے پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سرکاری اداروں اور افریقی ممالک کے سفارتی مشنز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان ایس اے ڈی سی چیمبر ٹریڈ فیڈریشن کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں