6

وزیراعلیٰ سندھ کا یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوج کا سری نگر میں داخل ہونا اور مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ قابلِ مذمت ہے۔ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقِ خودارادیت سے محروم رکھنا عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے، جبکہ اقوامِ متحدہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ ان کی جدوجہد اور اصولی مؤقف پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں اور جدوجہدِ آزادی رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں جلد ان کا حقِ خودارادیت حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے اور ان کی جدوجہدِ آزادی ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں