اسماعیل بقائی 9

ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ اجلاس کی تجویز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دی،ایران

تہران (رپورٹنگ آن لائن)ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ تہران میں ہونے والے مشترکہ اجلاس کی تجویز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حالیہ دورہ تہران کے دوران پیش کی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تجویز کو ایران کی جانب سے منظور کر لیا گیا ہے۔ایرانی وزارتِ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی انتخابات کے نتائج ایران کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتے، مکہ معاہدے کے رکن ممالک کے ساتھ ملاقات میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں اور ایران کے خلاف امریکی جنگ سے متعلق امور پر بات کی جائے گی۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران 4 فریقی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے حکام شرکت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس مشترکہ مفادات کی بنیاد پر علاقائی سلامتی کے نظام میں تعاون کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ قطری وفد نے گزشتہ روز تہران کا دورہ کیا، یہ دورہ علاقائی ممالک کے ساتھ جاری مذاکرات اور قطری ثالثی کے فریم ورک کے تحت کیا گیا۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا ہے کہ علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کے بغیر خطے میں پائیدار سلامتی قائم نہیں کی جا سکتی، 4 فریقی اجلاس علاقائی سلامتی یقینی بنانے کے لیے وسیع تر تعاون کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ علاقائی استحکام کا حصول خطے کے ممالک کی داخلی صلاحیتوں، ان کی مرضی اور سلامتی سے متعلق تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی ممکن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں