کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی محتسب سندھ کے اولڈ سٹی ایریا میں محفوظ قرار دی گئی عمارت مسمار کرنے کے حکم نامے کیخلاف درخواست پرصوبائی محتسب، ایس بی سی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں صوبائی محتسب سندھ کے اولڈ سٹی ایریا میں محفوظ قرار دی گئی عمارت مسمار کرنے کے حکم نامے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ شارع لیاقت پر واقع حاجی مینشن قدیم اور تاریخی اہمیت کی حامل عمارت ہے۔ موسمی اثرات اور بارشوں سے عمارت کی چوتھی منزل کو نقصان پہنچا تھا۔
مکینوں کی جانب سے مرمت کے دوران سرکاری اہلکاروں نے کام رکوا دیا۔ کسی شہری نے صوبائی محتسب کے پاس غیر قانونی تعمیرات کی شکایت درج کروائی۔ صوبائی محتسب سے اپریل میں ایس بی سی اے کو عمارت کی چوتھی منزل گرانے کی ہدایت جاری کیں۔ صوبائی محتسب نے مکینوں کو سنے بغیر یہ طرفہ فیصلہ سنایا۔ صوبائی محتسب کا فیصلہ دائرہ اختیار سے تجاوز اور غیر قانونی ہے۔
صوبائی محتسب کو انہدامی احکامات جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ عمارت کی مرمت کا کام رکنے سے مکینوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ایس بی سی اے کو انہدامی کارروائی سے روکا جائے۔ عدالت نے صوبائی محتسب، ایس بی سی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔







