شبلی فراز

قانون بن چکا، 2023 کے انتخابات ای وی ایم پر ہونگے، شبلی فراز

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ قانون بن چکا ہے کہ 2023 کے انتخابات ای وی ایم پر ہونگے، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات میں ایم وی کے استعمال کا وعدہ نبھائے، اگر نجی فرم سے مشینیں قابل قبول نہیں تو الیکشن کمیشن کا کام ہے وہ جیسے چاہیے مشین حاصل کرے ، الیکشن کمیشن پنجاب اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کرے۔

وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای وی ایم کے حوالے سے وزارت نے اپنا کام مقررہ وقت پر کیا ، ہم نے الیکشن کمیشن کی ڈیمانڈ کے مطابق مشین بنائی ، صوبائی اسمبلیوں اور پورے ملک میں مشین کے ڈیموز دیئے۔

وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا آئینی اور قانونی حق ہے ، کسی مشین کا انتخاب کرے ، جس مشین کا انتخاب ہوگا اسکا عالمی ٹینڈر جاری ہوگا ، ہماری حکومت کا مقصد کوئی خاص مشین نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون بن چکا ہے کہ 2023 کےانتخابات ای وی ایم پر ہونگے ، ہم سمجھتے ہیں کہ چیزوں کو روزانہ کی بنیادوں پر آگے بڑھنا چاہیے ، وزات سائنس مشینیں تیار نہیں کر سکتی تو الیکشن کمیشن خود ٹینڈر جاری کرے ، قانونی طریقہ کار کے تحت ہم نے اپنا کام کیا ہے۔