لیاری 11

فلم ”میرا لیاری’آسکر ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہوگئی

کراچی (لیاری )سندھ حکومت کے زیرِ اہتمام تیار کی گئی فلم”میرا لیاری” آسکر ایوارڈز کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہوگئی، جسے پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے فلم بورڈ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ، جاری فلمی منصوبوں، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز سے اشتراک اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ اطلاعات کے تحت جاری فلمی منصوبوں کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مختلف قومی و بین الاقوامی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ منصوبوں کی نمائش اور تقسیم کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فلم”میرا لیاری”کا آسکر ایوارڈ کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہونا پاکستان، بالخصوص سندھ کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت فلم، ثقافت اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلمی صنعت نہ صرف ثقافتی اور مثبت تشخص کو اجاگر کرتی ہے بلکہ روزگار، سرمایہ کاری اور تخلیقی مواقع بھی پیدا کرتی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ سندھ کو فلم سازی کا ایک مضبوط اور جدید مرکز بنایا جائے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اگر فلم ”میرا لیاری”آسکر کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے تو یہ ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں