رانا ثناء اللہ 7

عوامی مینڈیٹ سے ہی آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہو گئی ہے، جبکہ عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی 20 نشستوں پر دوسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہوئے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں میں سے 7 پر انتخابی عمل مکمل ہوا، جبکہ مجموعی طور پر 45 نشستوں میں سے اب تک 26 پر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو چکی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات سے قبل دھاندلی کے الزامات عائد کر رہی تھی، تاہم اب انہیں قوم کو بتانا چاہیے کہ انتخابات شفاف تھے یا نہیں، دھاندلی کے الزامات کے ثبوت مانگے گئے تو پہلے 13 پولنگ سٹیشنز کا دعویٰ کیا گیا، پھر یہ تعداد کم ہو کر 4 اور بعد ازاں صرف 2 پولنگ سٹیشنز تک محدود رہ گئی۔

انہوں نے کامیاب امیدواروں کو وزیراعظم، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدوں کے مطابق آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ 10 اگست کو تیسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہونے کے فوراً بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ آئندہ کی حکمت عملی طے کی جا سکے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کو اپنا حقِ رائے دہی آزادانہ طور پر استعمال کرنے کا بھرپور موقع ملا، تاہم دو روز قبل ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر شہر کے ایک چوک پر ہنگامہ آرائی کی گئی، پولیس کی مداخلت پر فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا اور شہر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی، جس سے ووٹر ٹرن آؤٹ بھی متاثر ہوا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کراس فائرنگ میں ملوث افراد کے نام متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہیں، جبکہ ان کے بقول شہر میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر ہنگامہ آرائی کی، جس سے مسلم لیگ (ن) کو انتخابی نقصان پہنچا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں