کراچی (رپورٹنگ آن لائن)شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نامور ہدایت کار اقبال کشمیری کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئیں۔سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے پی ٹی وی کے ٹاک شو میں شرکت کی اس دوران انہوں نے مرحوم ہدایت کار اقبال کشمیری کے بارے میں اظہار خیال کیا۔اقبال کشمیری کی ہدایت کاری میں بننے والی اپنی ایک پرانی فلم کا کلپ دیکھتے ہوئے عتیقہ اوڈھو جذباتی ہو گئیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔اداکارہ نے کہا کہ ان گانوں کو چلا کر آپ مجھے رلا دیں گے کیونکہ انہوں نے مجھے اقبال کشمیری کی یاد دلا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ان کے ساتھ فلموں جو ڈر گیا وہ مر گیا اور ممی میں کام کیا تھا۔
اگرچہ فلم ممی زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی تھی، لیکن اس کی شوٹنگ سے جڑی میری بہت سی یادیں ہیں۔عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ میں بیگ صاحب کے سامنے اقبال کشمیری کو بہت تنگ کیا کرتی تھی کیونکہ مجھے ڈانس کرنا نہیں آتا تھا۔ اقبال صاحب کو اداکاری سے اس قدر محبت تھی کہ وہ مجھے سکھانے کے لیے خود ڈانس کر کے دکھاتے تھے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ جب بھی میں ان کے انتقال کے بارے میں سوچتی ہوں، مجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔ وہ اپنے کام کے لیے ناقابل یقین حد تک جنونی تھے۔









