حافظ نعیم الرحمن 34

طبقاتی نظام تعلیم آئین اور پاکستان کے ساتھ بغاوت ہے: حافظ نعیم الرحمان

لورالائی(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ طبقاتی نظام تعلیم آئین اور پاکستان کے ساتھ بغاوت ہے.

بلوچستان کے علاقے لورالائی میں ’بنو قابل‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوتے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک پر وڈیرے، جاگیرداروں، بیوروکریٹس کی حکومت رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، جو وڈیروں اور جاگیر دار حکمرانوں کی نااہلی ہے، نوجوانوں نےکبھی بھی امید کے دامن کو ہاتھ نہیں جانے دینا، ہمیشہ ظلم اور زیادتی کے خلاف لڑتے رہنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج ہمیں افراد، چہرے نہیں بلکہ نظام بدلنے کی ضرورت ہے، بنوقابل پروگرام ایک گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے، آئین کے مطابق میٹرک تک مفت اور معیاری تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ طبقاتی نظام تعلیم آئین اور پاکستان کے ساتھ بغاوت ہے، لورالائی ضلع میں 35 ہزار سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، یہ لوگوں کو تعلیم دینے کی بجائے انہیں جاہل بنا رہے ہیں، انہوں نے جو سسٹم بنایا ہے وہ عوام کے ساتھ ظلم کرتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج موٹرسائیکل چلانے والے بھاری ٹیکس ادا کرتے ہیں، یہاں جاگیر دار اور وڈیرے ٹیکس نہیں دیتے، ایران کے ساتھ پٹرول، گیس کا معاہدہ کیوں نہیں کیا جاتا، گیس پائپ لائن چلے گی تو صنعت کا پہیہ چلے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آج بلوچستان کا علاقہ بھی گیس سے محروم ہے، ورچوئل پائپ لائن سے پورے بلوچستان کو گیس مل سکتی ہے، بلوچستان میں ماربل کی بڑی بڑی کانیں موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں