مائیک والٹز 11

صدر ٹرمپ لبنان معاملے میں ذاتی طور پر گہری دلچسپی رکھتے ہیں، امریکی مندوب مائیک والٹز

نیویارک (رپورٹنگ آن لائن) اقوام متحدہ میں امریکا کے مندوب مائیک والٹز نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ لبنان کے معاملے میں ذاتی طور پر گہری دلچسپی رکھتے ہیں، ان کی پیش کردہ تجویز میں تنازع ختم کرنے کے لیے واضح مرحلہ وار ترتیب شامل ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکا کے مندوب مائیک والٹز نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس عمل کا آغاز اس شرط سے ہوگا کہ حزب اللہ اسرائیل پر حملے بند کرے، اس کے بعد کشیدگی میں بتدریج کمی آئے گی اور آخرکار مکمل طور پر لڑائی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے گا۔

مائیک والٹز نے اپنی تقریر کا زیادہ تر حصہ حزب اللہ پر تنقید کے لئے وقف کیا اور اسے ایران کے زیر اثر گروہ قرار دیتے ہوئے کہا اس کی کارروائیوں کے نتیجے میں اسرائیلی شہریوں کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے لبنان پر اسرائیلی حملوں یا لبنانی شہریوں کے جانی نقصان کا براہ راست ذکر نہیں کیا، انہوں نے لبنان کی حکومت کی حمایت کرتے ہوئے کہا امریکا لبنان کی حکومت کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جو ملک میں استحکام لانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں