اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
ایک بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اُمید ہے یہ حتمی معاہدے کی راہ ہموار کریگی اور خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھے گی، پاکستان کو فخر ہے کہ اس نے اس مشکل دور میں مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت کثیرالجہتی تعاون مضبوط بنانے اور بات چیت سے تنازعات کے پُرامن حل کو فروغ دینے کی طرف اہم قدم ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا دعاگو ہوں کہ یہ کوششیں خطے اور دنیا میں مزید امن، استحکام اور خوشحالی کا سبب بنیں۔
قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امریکا ایران امن معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امن معاہدہ کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے امن کی طرف اہم قدم ہے، مثبت پیشرفت عمل میں شامل تمام فریقین کی مدبرانہ قیادت اور عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمل کو آگے بڑھانے میں وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، علاقائی استحکام کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثابت قدم حمایت کو سراہتا ہوں۔
واضح رہے ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق اس معاہدے پر باضابطہ دستخط کی تقریب جمعہ 19 جون کو سوئٹزر لینڈ میں ہوگی۔









