اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا،دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، فتنہ الہندوستان دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اپنے بیان میں صدرِ مملکت نے واشک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا،فتنہ الہندوستان دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔وزیراعظم کی جانب سے خاران میں سڑک بلاک کرکے آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
وزیراعظم نے واشک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرنے اور 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ شہبازشریف نے کہاکہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔









