کراچی(رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران، سیلرز، سویلینز، شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ ملکی سمندری مفادات کے تحفظ کے ساتھ علاقائی امن کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ملک بھر میں 8 ستمبر کو یوم بحریہ منایا گیا، جس کا مقصد پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں اور کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
جنگ ستمبر 1965ء کے دوران پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا، جبکہ آپریشن دوارکا کو پاک بحریہ کی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستان نیوی کے افسران، سیلرز اور سویلینز کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 7 اور 8 ستمبر 1965ء کی شب کیا جانے والا آپریشن سومناتھ پاک بحریہ کی شاندار تاریخ میں بہادری اور عزم کی روشن مثال ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ مئی 2025ء میں ہونے والے معرکہ حق کے دوران بھی پاکستان نیوی نے اہم کردار ادا کیا اور اپنی اعلیٰ آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے بھارتی بحریہ کو مؤثر انداز میں روکے رکھا۔ پاک بحریہ نے ملکی بحری مفادات کے تحفظ میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے دوران آپریشن محافظ البحر کے ذریعے پاکستان کی توانائی سلامتی کو یقینی بنانے میں بھی پاک بحریہ نے اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نیوی جدید تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر اور جدید بنا رہی ہے، جبکہ ہنگور کلاس آبدوزوں، جدید جنگی جہازوں، طیاروں اور بغیر پائلٹ نظام کی شمولیت اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک بحریہ نہ صرف ملک کے سمندری مفادات کا تحفظ کر رہی ہے بلکہ علاقائی امن کے قیام میں بھی اپنا کردار ادا کررہی ہے۔
امن مشقوں اور امن مذاکرات کے ذریعے پاک بحریہ عالمی تعاون کے فروغ میں معاونت کررہی ہے، جبکہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں بھی یہ ایک قابل اعتماد ادارے کے طور پر فوری امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ریاست مسلح افواج کی جدید کاری اور استعداد کار میں اضافے کے لیے پرعزم ہے۔ انہیں پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تکنیکی برتری پر مکمل اعتماد ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ آئندہ بھی بہادری، وقار اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ملکی سمندری حدود اور قومی بحری مفادات کا تحفظ جاری رکھے گی۔









