رانا تنویر حسین 11

پاکستان امن کا علمبردار، بھارت کو ہر من مانی سے روک سکتے ہیں’رانا تنویر حسین

مریدکے( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی قوانین اور ریجن سمیت دنیا بھر میں امن کا علمبردار ہے یہ احترام نہ ہو تو بھارت کو ہر من مانی سے روک سکتے ہیں ،بھارت جنگ کے میدان سے لیکر سفارتی میدان میں ہمیشہ پاکستان کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوتا رہا اور آئندہ بھی ہوتا رہے گا ۔

اپنے بھتیجے رکن قومی اسمبلی رانا احمد عتیق انور ،مسلم لیگ (ن) کے پی پی 137سے ٹکٹ ہولڈر چوہدری ارشد ورک اور رانا حسیب عامر کے ہمراہ سٹی پریس کلب مریدکے کی دفاع پاکستان تقریب اور ریلی سے خطاب کرتے انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ناقابل تسخیر ناقابل شکست ملک بن چکا ہے ،اسکی مسلح افواج کل بھی دنیا میں امن کا مرکزی کردار ادا کررہی تھی ،آج بھی کررہی ہے کرتی رہے گی ۔1965ء کی جنگ میں بھارت یہ سمجھ کر گھر سے نکلا تھا کہ وہ لاہور میں ناشتہ کرے گا پھر دنیا نے دیکھا اسکی مسلح افواج کا کیا حشر ہوا ۔1965ء کی چائے ناشتہ ہم نے بھارتی پائلٹ کو پیش کرکے دنیا کو بتادیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اس نے کبھی کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے دنیا کا امن خراب ہو مگر بھارت نے ہمیشہ وہ کام کئے جس سے ہر وقت بدامنی کا خطرہ منڈلاتا رہتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہمقبوضہ کشمیر سے لیکر بھارت کے اندرون اقلیتوں پر وہ ظلم کئے جارہے ہیں جس پر دنیا کیوں خاموش ہے یہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔پاکستان میں ہر دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے ثبوت موجود ہیں کب تک دنیا خاموش رہے گی ،ہماری مسلح افواج اور پچیس کروڑ عوام ہر وقت ہر اس دشمن کے لئے تیار ہیں جو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کررہا ہے ۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ایران امریکہ تنازعہ میں پاکستان کا امن کا کردار دنیا مان رہی ہے یہ امن کا کردار ہی پاکستان کی پہچان اور خارجہ پالیسی ہے ،

سعودی عرب ترکیہ پاکستان کا دفاعی معاہدہ بھی دنیا میں ایک ایسا معاہدہ ہے جس سے جنگوں کا خاتمہ ہوگا ،امن بھائی چارے کی فضای قائم ہوگی ،کئی ممالک اس معاہدے میں شامل ہونے کے خواہش مند ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ دنیا کو تباہی سے بچانے میں جو کردار پاکستان نے ادا کیا ہے کسی کے حصہ میں نہیں آیا اس امن معاہدہ سے معاشی خوشحالی آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں