کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی اداکارہ نمرہ شاہد نے ساتھی اداکارہ صبا قمر کی صلاحیتوں اور سٹار پاور کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ان جیسا بڑا سٹار شاذ و نادر ہی دکھائی دیتا ہے۔
ایک انٹرویو میں نمرہ شاہد نے کہا کہ صبا قمر ناصرف ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں بلکہ ان کی شخصیت بھی انتہائی پروفیشنل اور عاجزانہ ہے۔نمرہ شاہد کے مطابق میں نے انڈسٹری میں ایک دہائی سے زیادہ وقت گزارا ہے لیکن صبا قمر جیسا کوئی شخص نہیں دیکھا، ان میں کسی قسم کے نخرے یا غرور کا نام تک نہیں۔اداکارہ نے بار بار اس بات پر زور دیا کہ صبا قمر کی کامیابی کے باوجود ان کا رویہ ہمیشہ نرم رہا ہے جو انہیں دیگر فنکاروں سے مختلف بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صبا قمر کی اداکاری، اسٹار پاور اور عاجزی کا امتزاج انہیں انڈسٹری میں ایک خاص مقام دیتا ہے۔
نمرہ شاہد نے نئی آنے والی اداکارائوں کے رویے پر بھی تنقید کی، تاہم کسی کا نام نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ بعض اداکارائیں چند بڑے پروجیکٹس ملنے کے بعد خود کو بہت بڑا اسٹار سمجھنے لگتی ہیں، جو درست رویہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف چند کامیاب ڈراموں کی بنیاد پر کسی کو اپنی اہمیت بڑھا چڑھا کر نہیں دکھانی چاہیے، بلکہ تجربہ اور مسلسل محنت زیادہ اہم ہیں۔نمرہ شاہد نے یہ بھی کہا کہ میں لیڈ رولز کی خواہش مند نہیں ہوں اور اگر مجھے صبا قمر کے ساتھ کسی پراجیکٹ میں معاون کردار بھی ملے تو وہ بغیر ہچکچاہٹ قبول کر لوں گی۔









