سہیل سمیر 13

سہیل سمیر نے وائرل غیر اخلاقی ویڈیو پر مداحوں سے معذرت کرلی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی اداکار سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک غیر اخلاقی ویڈیو کلپ پر مداحوں اور صارفین سے معذرت کرلی۔چند روز قبل سہیل سمیر کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا تھا، جس میں ان کے ہمراہ ایک خاتون اداکارہ بھی موجود تھیں، بتایا گیا کہ یہ کلپ ایک فلم کا حصہ تھا، تاہم اس کے مناظر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔

ویڈیو کے دوبارہ وائرل ہونے کے بعد سہیل سمیر نے خود سوشل میڈیا پر وضاحت دیتے ہوئے مداحوں سے معافی مانگی۔ اداکار نے بتایا کہ یہ کلپ تقریباً 10 سال پرانا ہے۔اپنے پیغام میں سہیل سمیر نے کہا کہ وہ ان تمام افراد سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں جنہیں اس وائرل کلپ کی وجہ سے دکھ، تکلیف یا مایوسی ہوئی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اس وقت شاید انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ماضی کی کوئی حرکت مستقبل میں اس طرح دوبارہ سامنے آسکتی ہے، تاہم آج جب یہ کلپ دوبارہ وائرل ہوا تو انہیں احساس ہوا کہ ان کے گھر میں بھی ماں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں، اگر ان کے اپنے خاندان کے کسی فرد سے متعلق ایسا مواد سامنے آئے تو انہیں بھی یقیناً تکلیف ہوگی۔

انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اُس وقت ایسا مواد نہیں کرنا چاہیے تھا، حالات جیسے بھی رہے ہوں، عزت بنانے میں سالوں لگ جاتے ہیں لیکن اسے ختم ہونے میں صرف ایک لمحہ لگ سکتا ہے۔سہیل سمیر نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ وہ اپنی غلطی پر دل سے شرمندہ اور افسردہ ہیں اور سب سے درخواست کرتے ہیں کہ انہیں معاف کردیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں