بشکیک (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے، پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کیلئے مؤثر کردار ادا کیا۔
بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخی اجلاس میں شریک ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، شنگھائی تعاون تنظیم عالمی امن و استحکام کیلئے اہم پلیٹ فارم ہے، ایس سی او کے 25 سال مکمل ہونا اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے، عالمی منظرنامہ بڑھتی جغرافیائی کشیدگی سے دوچار ہے، ایس سی او مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے اجتماعی عزم کی علامت ہے، پاکستان تنازعات کے پر امن حل اور بین الاقوامی قانون پر یقین رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کیلئے موثر کردار ادا کیا، پاکستان کی سفارتی کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچیں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کا حامی ہے، عالمی اداروں کو اعلانات کو عملی اقدامات میں بدلنا ہوگا، غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی المیہ ناقابلِ تصور مصائب کا باعث ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کرے، جنوبی ایشیا پائیدار امن کے بغیر اپنی مکمل صلاحیت حاصل نہیں کر سکتا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، عالمی معاہدوں پر ان کی روح اور الفاظ کے مطابق مکمل عمل ضروری ہے۔









