ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)معروف بھارتی اداکار سنیل شیٹی نے کہا ہے کہ عمر کے حساب سے کردار منتخب کرنا ہی عقل مندی ہے، بڑھتی عمر کے ساتھ خود کو نوجوان دکھانے کی کوشش ناکام ہوتی ہے۔
ایک انٹرویو میں سنیل شیٹی نے بالی ووڈ میں اپنے موجودہ کیریئر اور فلموں کے انتخاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ اب نوجوان ہیروز والے کردار ادا کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔سنیل شیٹی نے کہاکہ اب ایسے کردار کرنا چاہتا جو اصل عمر اور شخصیت سے مطابقت رکھتے ہوں، کیونکہ بڑھتی عمر کیساتھ خود کو زبردستی نوجوان دکھانے کی کوشش ناکام ثابت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں اس وقت نوجوان نسل کے اداکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے اور ان کی عمر سے آدھے بچوں کے ساتھ مقابلے میں کودنے کا کوئی فائدہ یا مقصد نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھے اداکار کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ہر عمر کے مرحلے کو قبول کرے اور ایسے پروجیکٹس کا انتخاب کرے جہاں اس کی اداکاری کی صلاحیت کو واقعی سراہا جائے۔









