کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے طلاق یا بیوگی کے بعد دوبارہ شادی کرنے کی خواہش مند خواتین سے متعلق معاشرتی رویے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں حمزہ علی عباسی نے کہاکہ ہمارے معاشرے کا ایک مخصوص طبقہ ہے جو بیوہ اور طلاق یافتہ خاص طور پر جب ان کے بچے ہوں اور وہ دوسری شادی کرنا چاہیں تو اس چیز کو معیوب سمجھتا ہے اور بری نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے منفی تاثر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے اور اس کے برعکس خواتین کو یہ فیصلہ کرنے میں تعاون اور سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی دوسری شادی کرنا چاہے یا نہ کرنا چاہے یہ سراسر اس شخص کا فیصلہ ہونا چاہئے، اس میں ہمیں نہیں بولنا چاہئے، یہ چیز اخلاقیات کے منافی ہے کہ کوئی اپنی زندگی کا ذاتی فیصلہ کرنا چاہے اور ہم اس میں دخل اندازی کریں۔حمزہ نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ جو خواتین دوبارہ شادی کرنا چاہتی ہیں، ہمیں انہیں منفی نگاہ سے نہ دیکھیں کیونکہ یہ ان کا حق ہے جو انہیں ہمارے دین نے دیا ہے۔









