سردار ایاز صادق 9

سپیکر قومی اسمبلی کا سسٹم کی کارکردگی پر اظہار اطمینان، مذاکرات پر زور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سسٹم ناکام نہیں ہوا، ڈلیور کر رہا ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں سے معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ سسٹم کے بارے میں بہتر فیصلہ عوام ہی کر سکتے ہیں، معاشی حالات پہلے بہت خراب ہو چکے تھے لیکن اب بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے جنگ جیتی، پھر ایران امریکہ ثالٹی کرائی جس سے پاکستان کی عزت بڑھی ہے، پوری دنیا پاکستان کے ثالثی کے کردار کو تسلیم کرتی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جو لوگ ایوان میں حکومت کو شرمندہ کرتے ہیں، بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس میری ذمہ داری ہے کہ محنت کرنے والوں کی محنت ضائع نہ ہو، وقفہ سوالات میں متعلقہ وزرا اور سیکرٹریز موجود نہ ہوں تو سختی کرنا پڑتی ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی والے مجھ سے ملتے رہتے ہیں، پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان پہلے بھی بطور ثالث بات چیت میں شامل تھا، اب بھی ہوں، دونوں جماعتوں کے ایک دوسرے کے ساتھ ایشوز ہیں، امید ہے وہ حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کمیٹیوں میں واپس آنا چاہیے لیکن انہوں نے میدان کھلا چھوڑا ہوا ہے، پی ٹی آئی کی عدم حاضری سے کمیٹیوں کا کام نہیں رک رہا لیکن وہ شرکت کرکے بہتر احتساب کر سکتے ہیں، کمیٹیوں میں حکومت کے احتساب اور اصلاح کے لیے تجاویز دینی چاہئیں۔

نئے صوبوں کے حوالے سے سپیکر نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق ہر کسی کی اپنی رائے ہے، نئے صوبوں پر بحث کرنے اور رائے دینے میں کوئی حرج نہیں، کوئی مقامی حکومتوں اور کوئی نئے صوبوں کی بات کر رہا ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل بات چیت اور مذاکرات سے ہوتا ہے، لڑ جھگڑ کر اور احتجاج سے کسی مسئلے کا حل نہیں نکلتا، مذاکرات کے حوالے سے پی ٹی آئی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، جب وہ مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو سوشل میڈیا سے ڈر جاتے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ان لوگوں کی کمیٹی بیٹھ کر فیصلہ کر لے تو اچھا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں