مراد علی شاہ 12

سمندر پاکستان کی معیشت، تجارت اور پائیدار ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یوم بحری جہاز رانی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سمندر پاکستان کی معیشت، تجارت اور پائیدار ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، سندھ کے خوبصورت ساحلی علاقے قومی شناخت اور قدرتی اثاثے ہیں جبکہ ساحلی پٹی اور سمندری وسائل ترقی اور خوشحالی کے وسیع مواقع رکھتے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عالمی یوم بحری جہاز رانی ہمیں سمندری شعبے میں عالمی معیارات پر مؤثر عملدرآمد کا پیغام دیتا ہے، اس سال کا پیغام پالیسی سے عملی اقدامات اور عملی اقدامات سے بحری شعبے میں عمدگی تک کا سفر جاری رکھنے پر زور دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محفوظ، ماحول دوست اور مؤثر بحری نظام پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے، سمندری وسائل کو جدید ٹیکنالوجی اور جدت کے ذریعے ترقی کے نئے مواقع میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ ساحلی علاقوں کے تحفظ کے ساتھ ان کی معاشی اور سیاحتی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانا بھی ضروری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سمندری آلودگی کا خاتمہ اور سمندری حیات کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ساحلی اور سمندری ماحولیاتی نظام کا تحفظ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان ایک محفوظ، سرسبز اور مضبوط بحری شعبے کے فروغ کیلئے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بحری شعبے میں ہنرمندی، تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور استعداد کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، عالمی بحری معیارات پر عملدرآمد سے پاکستان کے بحری شعبے میں مزید ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سمندر صرف تجارت کا ذریعہ نہیں بلکہ روزگار، معیشت، ماحول اور مستقبل سے جڑا اہم قومی اثاثہ ہے۔

سندھ کے ساحلی علاقوں کی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی آبادی کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عالمی یوم بحری جہاز رانی کے موقع پر ہم محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست بحری مستقبل کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ پاکستان کے ساحلوں، سمندری وسائل اور بحری شعبے کی ترقی ملک کی معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے جبکہ سندھ کے خوبصورت ساحل پاکستان کے قدرتی حسن کا اہم حصہ ہیں، ان کا تحفظ اور فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں