سیف الملوک کھوکھر 8

پی ٹی آئی انتشار ،افراتفری کی سیاست کی طرف بڑھ رہی ہے’ سیف الملوک کھوکھر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر انتشار اور افراتفری کی سیاست کی طرف جا رہی ہے ،خطے کی صورتحال پہلے ہی انتہائی حساس ہے جبکہ پاکستان کو اندرونی سکیورٹی چیلنجز کا بھی سامنا ہے ایسے میںملک کسی بھی قسم کی سیاسی محاذ آرائی اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات اور سکیورٹی خطرات کے پیش نظر ریاستی ادارے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرے اور امن و امان برقرار رکھے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو قومی مفاد اور ملکی سلامتی کو مقدم رکھنا چاہیے اور احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں کے نام پر ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے عوام کے معمولات زندگی متاثر ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیاسی استحکام، معاشی تسلسل اور امن و امان کی ضرورت ہے نہ کہ سڑکوں پر محاذ آرائی کی جائے۔

سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ حکومت کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے افرا تفری اور انتشار کی کوششوں کا خمیازہ معیشت کی کمزوری کی صورت میں سب کو بھگتنا پڑے گا ۔سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ کی عوام سے اپیل ہے وہ ملک کے امن، استحکام اور سلامتی کو مقدم رکھتے ہوئے کسی بھی اشتعال انگیزی کا حصہ نہ بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں