سعودی عرب 129

سعودی عرب سلامتی کونسل میں غیرمستقل نشست کے لیے یونان کی حمایت کرے گا

ریاض (رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب نے یونان کی سال 2025-2026 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیرمستقل نشست کے لیے حمایت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ یونان کی دوسالہ غیرمستقل رکنیت کا امیدوار ہونے کی مکمل تائید کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بدھ کو یونان کے سرکاری دورکے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہی گئی ہے۔اس دورے میں انھوں نے یونانی وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکیس سے ملاقات کی اور متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے معاہدوں اور سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں۔اس دورے کے اختتام پرجاری کردہ اعلامیے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد اور وزیراعظم کیریاکوس نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کی تعریف کی اوردونوں عوام کے مفاد میں اسے مستحکم کرنے کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے نے دورے کے بعدمشترکہ اختتامی بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان ممتازاور مضبوط تعلقات اورانھیں تزویراتی سطح تک بڑھانے کی مشترکہ خواہش کی بھی تصدیق کی۔بیان کے مطابق اکتوبر2021 میں یونانی وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکیس کے کامیاب دور سعودی عرب کے موقع پردونوں فریقوں کے معاہدے کی بنیاد پرسعودی یونانی تزویراتی شراکت داری کونسل کے قیام کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دست خط کیے گئے۔اس کی صدارت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور یونانی وزیر اعظم مشترکہ طور پر کریں گے۔اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے امور میں فریقین نے مملکت کے وژن 2030 اور یونانی نیشنل ریکوری اینڈ لچک پلان (یونان 2.0) کے مقاصد کو ہم آہنگ کرکے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زوردیا۔

انھوں نے مشترکہ مفادات کے متعدد شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع کی معاونت کرنے کی خواہش کا بھی اظہارکیا۔ فریقین نے باہمی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور تحفظ کے لیے طے پانے والے معاہدے کی تعریف کی اور دونوں ممالک میں سرمایہ کاری پروگراموں کے حصول میں نجی شعبے کے اہم کردار پر یقین ظاہر کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک میں نجی شعبے کے درمیان سرمایہ کاری شراکت داری کی حوصلہ افزائی، سہولتیں مہیاکرکے مشترکہ کام اور ہم آہنگی بڑھانے اور نجی شعبے کو درپیش کسی بھی چیلنج کا حل تلاش کرنے کے عزم کی تجدید کی جس سے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تبادلے میں اضافہ ہو۔انھوں نے سیاحت کے شعبے میں تعاون، دونوں ممالک میں سیاحت کی تحریک کی ترقی اور پائیدار سیاحت کے حوالے سے مشترکہ اقدامات کے فروغ پر بھی زوردیا۔فریقین نے مئی 2022 میں ایتھنز میں سعودی یونانی مشترکہ کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے انعقاد، سعودی یونانی بزنس کونسل کے انعقاد اور مئی 2022 میں ایتھنز میں سعودی یونانی سرمایہ کاری فورم کے نتائج کا ذکر کیا۔

ان میں سعودی یونانی کمپنیوں کے بہت سے رہ نماں نے شرکت کی تھی۔دونوں لیڈروں نے دورے کے موقع پر سعودی اور یونانی کمپنیوں کے درمیان گول میزاجلاس کے انعقاد کی تعریف کی اور فریقین نے نجی شعبے کے درمیان مفاہمت کے متعدد معاہدوں اور یادداشتوں پر دست خط کا خیرمقدم کیا۔ توانائی، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے، سیاحت، بحری نقل وحمل اور لاجسٹکس،مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت کی دیکھ بھال اورخوراک کے شعبوں میں ان معاہدوں کی مالیت قریبا 14 ارب سعودی ریال کے برابر ہیں۔فریقین نے ڈیٹا کیبل منصوبے کے معاہدے پردست خط کا خیرمقدم کیا۔اس کا مقصد ایشیا اور یورپ کے درمیان ڈیٹا ٹرانسمیشن کے لیے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔

اس کے علاوہ فریقین نے ڈیٹا ٹرانسمیشن کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے مقصد سے ایسٹ میڈ کوریڈور پروجیکٹ کے قیام کے لیے مینا ہب (مملکت سعودی عرب)، قبرص کمیونی کیشن اتھارٹی سی ٹی اے لمیٹڈ (قبرص)، یونان ٹیلی کام اور سیٹلائٹ ایپلی کیشنز کارپوریشن ٹی ٹی ایس اے ایس اے اور پبلک پاورکارپوریشن (یونان) کے درمیان معاہدے پر دست خط کی تعریف کی۔دونوں فریقوں نے توانائی کے شعبے میں تزویراتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ان میں قابل تجدید توانائی کا استعمال کرتے ہوئے بجلی کی پیداوار، برقی انٹر کنکشن لائن کا قیام اوریونان کے ذریعے یونان اور یورپ کو قابل تجدید توانائی کا استعمال کرتے ہوئے پیدا ہونے والی بجلی کی برآمد شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں