زیادتی اور قتل 176

راولپنڈی ،9 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے مجرموں کو 2،2 بار سزائے موت، 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن ) عدالت نے 9 سالہ طالبہ زینب عمران سے زیادتی اور پھر گلا دبا کر قتل کرنے والے 2 مجرموں کو 2، 2 بار سزائے موت اور 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ جب کہ ایک مجرم کی بیوی کو جرم چھپانے پر 7 سال قید اور ایک لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی افضل مجوکہ نے 9 سالہ زینب عمران سے زیادتی اور پھر اسے گلا دبا کر قتل کرنے سے متعلق کیس میں 2 مجرموں کو 2 ، 2 بار سزائے موت اور 5-5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی، اس کے علاوہ مجرم بابر مسیح کی بیوی انیتا کو جرم چھپانے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اسے 7 سال قید اور ایک لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ یہ انتہائی گھنانا جرم ہے، مجرمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ بچوں سے زیادتی اور قتل جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے مجرمان کو کڑی سزا دینا لازم ہے، اس بابت قوانین بھی مزید سخت ہونے چاہیئں، ایسے مجرمان سے رعایت بچوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہوگی، جب تک مجرمان کی موت واقعہ نا ہوجائے انہیں پھانسی پر لٹکائے رکھا جائے۔ عدالتی فیصلے کے بعد تینوں مجرموں کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ مجرم بابر اور زینب آمنے سامنے پڑوسی تھے، بچی کا باپ کچہری میں گاڑیاں دھوتا ہے، 9 سالہ زینب اور اس کے والدین واقعے سے ایک سال قبل دائرہ اسلام میں داخل ہوئے تھے، فیصلے کے بعد زینب کی والدہ نے کہا کہ مجھے آج عدالت سے انصاف مل گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں