پیپلزپارٹی 34

پی آئی اے فلائٹ شیڈول میں اچانک تبدیلی، بلاول اور آصفہ بھٹو سکردو نہ پہنچ سکے

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پی آئی اے کی جانب سے فلائٹ شیڈول میں اچانک تبدیلی کے باعث پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری سکردو نہیں پہنچ سکے۔

گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر امجد ایڈووکیٹ نے پی آئی اے انتظامیہ کی مبینہ نااہلی اور بدانتظامی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہزاروں کی تعداد میں عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے استقبال کے لیے اسکردو میں منتظر تھے، تاہم پی آئی اے کی انتظامی غفلت کے باعث دونوں رہنما اسکردو نہ پہنچ سکے۔

امجد ایڈووکیٹ کے مطابق پی آئی اے نے عین وقت پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی پرواز کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے فلائٹ مقررہ وقت سے پہلے روانہ کر دی، جس کے باعث دونوں رہنما سفر نہ کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ فلائٹ شیڈول میں اس اہم تبدیلی سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی ٹیم کو پیشگی آگاہ نہیں کیا گیا، جو انتظامی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ صدر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان نے مطالبہ کیا کہ قومی ایئرلائن آئندہ ایسی بدانتظامی سے گریز کرے اور مسافروں کو پروازوں کے شیڈول میں ہونے والی تبدیلیوں سے بروقت آگاہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں