ٹیکس سکیم 6

حکومت نے جولائی میں 215 ارب روپے قرض لیا، اقتصادی امور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) حکومت نے مالی سال 2026-27 کے پہلے ماہ جولائی کے دوران 215 ارب روپے قرض لیا، جبکہ 5 ارب روپے کی گرانٹس بھی موصول ہوئیں۔

وزارت اقتصادی امور کی دستاویز کے مطابق جولائی میں نان پراجیکٹ فنڈنگ، جس میں بجٹری سپورٹ اور شارٹ ٹرم قرضے شامل ہیں، کی مد میں 120 ارب روپے حاصل کیے گئے، جبکہ پراجیکٹ فنڈنگ کی مد میں تقریباً 95 ارب روپے موصول ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی میں مجموعی طور پر 763 ملین ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس حاصل ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں موصول ہونے والے 694.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں 68.5 ملین ڈالر زیادہ ہیں۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرضوں کی وصولی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم میں نمایاں اضافہ ہوا۔

دستاویز کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے روایتی اور اسلامی دونوں طریقوں کے تحت 343.99 ملین ڈالر حاصل ہوئے، جبکہ ایک سال کے دوران نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے حاصل ہونے والی رقم میں تقریباً 148 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔جولائی کے دوران دوطرفہ مالی معاونت میں جرمنی نے 9.94 ملین ڈالر جبکہ سعودی عرب نے 7.4 ملین ڈالر فراہم کیے۔

رپورٹ کے مطابق کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے مجموعی طور پر 252.83 ملین ڈالر موصول ہوئے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے 59.17 ملین ڈالر جبکہ ایشیائی انفراسٹرکچر بینک نے 6.57 ملین ڈالر جاری کیے۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق عالمی بینک اور اس کے متعلقہ اداروں نے پاکستان کو 130 ملین ڈالر فراہم کیے، جو جولائی کے دوران کثیرالجہتی مالیاتی اداروں کی جانب سے ملنے والی سب سے زیادہ رقم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں