محسن نقوی 6

ایران سے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی، دیرپا امن کی راہ ہموار ہوگی،محسن نقوی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے دورہ ایران میں اہم پیشرفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔

وفاقی وزیر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہماری گفتگو کا محور ایران اور امریکا کے درمیان تنازع، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور آئندہ کا لائحۂ عمل تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جو تنازع کے جامع حل کی جانب پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر نے کھل کر اپنی حکومت کا مؤقف اور خدشات ہمارے سامنے رکھے، جبکہ متعلقہ امور پر ہمارے درمیان تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت مستقبل میں مزید مثبت اقدامات کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں