میرپور/کھڑی شریف(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کھڑی شریف کے عوام کے تاریخی استقبال نے ثابت کر دیا ہے کہ حلقہ LAـ4 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) مضبوط عوامی حمایت رکھتی ہے اور آئندہ انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی،
مسلم لیگ (ن) کبھی اپنے کارکنوں اور عوام کو مایوس نہیں کرے گی ،آئینی فیصلے صرف اسمبلی کے ذریعے ہی ہو سکتے ہیں ،دھرنے اور لانگ مارچ قانون سازی کا متبادل نہیں ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور تحریک آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کی تحریک ہے،نوازشریف میر پور اور مظفر آباد میں جلسوں سے خطاب کرینگے۔وہ ہفتہ کوکھڑی شریف میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری رخسار احمد کے حق میں منعقدہ بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کا کھڑی شریف آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا جہاں ہزاروں کارکنوں اور عوام نے تاریخی انتخابی ریلی میں شرکت کی۔ بعد ازاں حلقہ LAـ4 کھڑی شریف میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری رخسار احمد کے حق میں ایک بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کھڑی شریف کے کارکنوں اور عوام کے جوش و جذبے نے انتخابی مہم کو نئی تقویت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی استقبال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہیں اور حلقہ LAـ4 میں پارٹی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ انتخابی مہم چلانے والی ٹیم اور کارکن پیشگی مبارکباد کے مستحق ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کبھی اپنے کارکنوں اور عوام کو مایوس نہیں کرے گی کیونکہ عوام کی محبت ہی پارٹی کا اصل سرمایہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بھی چوہدری رخسار احمد نے بڑا عوامی اجتماع منعقد کیا تھا اور آج ایک بار پھر عوام نے ان پر بھرپوراعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اوروزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں سڑکوں،ہسپتالوں، کالجوں اور دیگر ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے لیے پانچ دانش سکولوں کی منظوری دی جبکہ گندم اور چینی پر سبسڈی بھی برقرار رکھی گئی۔امیر مقام نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام پل منصوبہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے جس کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ مانسہرہ، مظفرآباد، میرپور ایکسپریس وے، میرپور کو گیس کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیر کے انتخابی نشان کی کامیابی ہر کارکن کی ذمہ داری ہے اور میرپور ڈویژن سے مسلم لیگ (ن) کو سب سے بڑا عوامی مینڈیٹ ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کا مقصدکامیاب ہو کر عوام کی خدمت کرنا ہے کیونکہ حکومت میں آنے سے عوامی مسائل کے حل کے زیادہ مواقع میسر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقیاتی سیاست کی ہے اورپاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا تاریخی فیصلہ بھی قائد محمد نواز شریف نے کیاجبکہ آزادکشمیر میں بھی متعدد اہم ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات حکومت نے سنجیدگی سے کیے اور بجلی و گندم سبسڈی سمیت عوامی ریلیف کے اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئینی فیصلے صرف اسمبلی کے ذریعے ہی ہو سکتے ہیں جبکہ دھرنے اور لانگ مارچ قانون سازی کا متبادل نہیں ہیں۔کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور تحریک آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیر کاز کی بھرپور حمایت کی ہے اور آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف آزاد کشمیر میں دو بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے جن میں ایک مظفرآباد اور دوسرا میرپور میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ 24 جولائی کو میرپور میں ہونے والے تاریخی جلسے سے محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مشترکہ طور پر خطاب کریں گے۔امیر مقام نیچوہدری بنارس اعظم ایڈووکیٹ کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی انہیں اورمیرپور کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر مسئلہ کشمیر پوری قوم کا مشترکہ قومی مسئلہ ہے اورپاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر چوہدری رخسار احمد کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کیامیدوار چوہدری رخسار احمد نے کہا کہ میرپور کو گیس کی فراہمی، بجلی کے مسائل کا حل اور کھڑی شریف میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام ان کی اولین ترجیحات ہیں۔جلسے کے دوران چوہدری بنارس اعظم ایڈووکیٹ، راجہ محسن، راجہ نوید اختر گوگا، مرزا مظفر اور چوہدری سراج الحق نے اپنے ہزاروں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر چوہدری شہبازمنیرایڈووکیٹ، چوہدری ریاض اعظم، ضلعی صدر جاوید قادر، راجہ وقاص انور،طارق بٹ، چوہدری اخلاق احمد، راجہ نعیم اکبر، کونسلر راجہ سرفراز حسین، چیئرمین عرفاق عباسی، سابق چیئرمین مرزا مظفر، ڈسٹرکٹ کونسلر مرزا الیاس، ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ سبطین خان، چیئرمین ملک مسرت، چیئرمین ملک مظہر، سابق چیئرمین زکوٰة ملک الیاس، راجہ مظہر اقبال، حاجی معروف، چوہدری امتیاز، چوہدری نعیم الرحمٰن، کونسلر چوہدری توصیف، چوہدری شکیل، سردار طارق اور دیگر مقامی رہنماؤں سمیت مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔









