کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کو اْنکے 41ویں یوم شہادت کے موقع پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کو بہت جلد ہم سے جدا کر دیا گیا، مگر بھٹو خاندان کی جمہوریت، انصاف اور آئین کی بالادستی کے لیے جاری جدوجہد کی روشنی کو ظلم و جبرکبھی کم نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ شہید شاہنواز بھٹو کی شہادت بھٹو خاندان کی قربانیوں کی تاریخ کا ایک نہایت دردناک باب ہے، لیکن یہ قربانی آج بھی ہر اس شخص کے لیے حوصلے اور عزم کا سرچشمہ ہے جو ظلم کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہونے اور عوام کی جمہوری آواز کو دبانے کی ہر کوشش کا مقابلہ کرنے پر یقین رکھتا ہے۔
قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے عظیم ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت، آئین کی بالادستی، سماجی انصاف، مساوات اور عوامی خدمت کے اپنے عہد پر آج بھی ثابت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق اور جمہوری اقدار کے لیے دی جانے والی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں، بلکہ وہ قوم کے لیے مشعلِ راہ ہوتی ہیں۔









