علی محمد خان 201

جی ٹی روڈ کلئیر ،،کالعدم ٹی ایل پی کا دھرنا جی ٹی روڈ سے کھلے گراونڈ میں منتقل ہوگیا ہے، علی محمد خان

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیرمملکت علی محمد خان نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ کلئیر کر دی گئی ہے،کالعدم ٹی ایل پی کا دھرنا جی ٹی روڈ سے کھلے گراونڈ میں منتقل ہوگیا ہے، دریائے جہلم پر چھوٹی گاڑیوں کے گزرنے کیلئے راستہ بنا دیا گیا تاہم سیکیورٹی کی بھاری نفری تاحال تعینات ہے۔

سرائے عالمگیرمیں کھودی گئی خندق بھر دی گئی ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں وزیرمملکت علی محمد خان نے کہا گجرات، وزیر آباد، جہلم سمیت کئی شہروں میں کاروبارِ زندگی معمول پر آنے لگی ہے۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز ابھی تک بند، راولپنڈی میں مری روڈ سے بھی کنٹینر ہٹا دئیے گئے، فیض آباد جانے والے راستے بھی کھل گئے، اسلام آباد میں میٹرو سروس بھی بحال کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی میں 10 روزسے بندراستے کھول دیئے گئے ہیں۔ مری روڈ پر لگے کنٹینرزہٹا دیئے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے تمام رکاوٹیں ہٹا دی ہیں۔ صدرسے فیض آباد تک ٹریفک بحال ہے۔ دریاے جہلم کے تینوں پلوں سے پولیس نفری کم کر دی گئی ہے۔ کنٹینرزاور رکاوٹیں ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری پہنچ چکی ہے اور جی ٹی روڈ سے ملحقہ رکاوٹوں کو ہٹا نے کا سلسلہ جاری ہے۔

سرائے عالمگیر میں ٹریفک کی آمدورفت کا سلسلہ بحال ہوگیا۔ انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بحال ہے۔ خیال رہے کہ حکومت پاکستان اور کالعدم تنظیم کے مابین اعتماد باہمی کے ماحول میں تفصیلی مذاکرات کے بعد اتفاق رائے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کی نگرانی کیلئے علی محمد خان کی سربراہی میں ایک اسٹیرنگ کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ وزیرقانون برائے پنجاب راجہ بشارت، سیکرٹری داخلہ، ہوم سیکرٹری پنجاب، مفتی غلام غوث بغدادی اور انجینر حفیظ اللہ قلبی بھی اس کا حصہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں