لاہور(زاہد انجم سے)پاکستان ایسوسی ایشن آف یورالوجیکل سرجنز لاہور چیپٹر کے انتخابات مکمل ہو گئے جس کے نتائج کے مطابق پروفیسر آف یورالوجی لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر خضر حیات گوندل 102ووٹ لے کر ایسوسی ایشن کے 2سال کیلئے صدر منتخب ہو گئے جبکہ اُن کے مد مقابل پروفیسر ندیم بن نصرت نے 82ووٹ حاصل کیے۔مزید برآں ڈاکٹر شاہ جہان جنرل سیکرٹری اور ڈاکٹر ناصر ابراہیم فنانس سیکرٹری کی نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔
پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر صفدر علی خان نے چیف الیکشن کمشنر کے فرائض سر انجام دیے اور نو منتخب عہدیداروں سے حلف بھی لیا۔
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے پروفیسر خضر حیات گوندل و دیگر عہدیداروں کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے شعبے سے وابستہ نوجوان ڈاکٹروں کی فلاح و بہبود اور تعلیم و تربیت کے لئے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کریں گے۔اسی طرح ایسوسی ایشن مریضوں کے وسیع تر مفاد میں سرگرمیوں میں اضافہ کرتے ہوئے مزید اقدامات اٹھائے گی کیونکہ میڈیکل پروفیشن کا بنیاد ی مقصد ہی بیماروں کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے اور اُن کی صحت یابی کے لئے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کو برؤئے کار لانا ہوتا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔
نو منتخب صدر پروفیسر خضر حیات گوندل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے اور اپنی کمیونٹی کی بہتر ی اور نوجوان ڈاکٹروں کو جدید طریقہ علاج بارے آگاہی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔اسی طرح مریضوں کے بہتر علاج معالجے کے ساتھ ساتھ گردے و مثانے کی بیماریوں کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے بھی کاوشیں برؤئے کار لائیں گے۔
انہوں نے ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے تمام یورالوجسٹ ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا کہ اُن کی نظر میں یورالوجی سے وابستہ تمام ڈاکٹر یکساں اہمیت کے حامل ہیں، اب الیکشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور ہم سب ایک تھے، ہیں اور رہیں گے اس لیے وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے تاکہ اجتماعی کوششوں سے دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھایا جا سکے۔پروفیسر خضر حیات گوندل نے دیگر عہدیداروں کے لئے بھی خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔









