شہباز شریف 9

موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور خوشحال مستقبل کے لیے بنیادی جمہوری اقدار کو مضبوطی سے تھامے رکھنا ضروری ہے ،وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریت کی بنیادی اقدار، مساوات، انصاف اور آزادی کے فروغ، عوامی رائے کے احترام، انسانی وقار کے تحفظ اور قانون کی بالادستی سے وابستگی کا اعادہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا موثر طور پر مقابلہ کرنے اور ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم عوامی فلاح کی ضامن بنیادی جمہوری اقدار کو مضبوطی سے تھامے رکھیں،عہد کریں کہ ہم بہترین پارلیمانی روایات سے ہم آہنگ جمہوری اقدار کے فروغ، شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ملک کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لئے مشترکہ سفر جاری رکھیں گے.

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جمہوریت کے عالمی دن پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر عالمی یوم جمہوریت منارہا ہے۔ یہ دن جمہوریت کی بنیادی اقدار، مساوات، انصاف اور آزادی کا فروغ، عوامی رائے کا احترام، انسانی وقار کا تحفظ اور قانون کی بالادستی سے وابستگی کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،جمہوری نظام حکومت میں اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے عوامی بہبود کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ پارلیمان ملک کا مرکزی جمہوری ادارہ ہے جو عوام کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ریاست اور شہریوں کے مابین تعلق کو قانونی شکل میں بیان کرتا ہے۔آئین کا آرٹیکل 25 ہر شہری کے مساوی حقوق اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

قومی سطح پر آئین پاکستان، وفاق کی تمام اکائیوں، قومی اداروں کے باوقار مقام اور نظم و نسق کو متعین کرتا ہے،پاکستان کا وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام، مفاد عامہ اور اسلامی اساس کے مطابق قانون سازی کا اختیار دیتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عصر حاضر کے بدلتے تقاضوں کی پیش نظر عوامی امنگوں اور عوامی ضروریات کے مطابق قوانین وضع کرنا پارلیمنٹ کے فرائض میں شامل ہے،موجودہ دور کیچیلنجز کا موثر طور پر مقابلہ کرنے اور ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم عوامی فلاح کی ضامن بنیادی جمہوری اقدار کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آئین پاکستان قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کا واضح عزم کا اظہار کرتا ہے۔ وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں خواتین کے لیے مخصوص نشستیں خواتین کی موثر نمائندگی کے لئے مقرر کی گئی ہیں، ریاست اقلیتوں کے حقوق و فرائض اور مفادات کے تحفظ کی پابند ہے۔

وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں غیر مسلم اقلیتوں کے لیے بھی مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا ادراک رکھتا ہے اور جمہوری اصولوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے متعین کردہ پائیدار ترقی کے اہداف بشمول جمہوریت کا فروغ، امن و انصاف اور مضبوط اداروں کے قیام کے لیے پاکستان مربوط کاوشیں کر رہا ہے،آئیے آج کے دن عہد کریں کہ ہم بہترین پارلیمانی روایات سے ہم آہنگ جمہوری اقدار کے فروغ، شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ملک کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لئے مشترکہ سفر جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں