جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال و پی آئی این ایس میں جاری پیرا میڈیکس کا احتجاج ختم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہورجنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں 2 ملازمین کے تبادلوں کے خلاف پیرا میڈیکس کا جاری احتجاج ختم ہو گیا۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ہڑتال ختم کروانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

منگل کو پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے پاکستان ہیلتھ سپورٹ پیرا میڈیکل سٹاف ایسو سی ایشن کے صدر رانا پرویزاور چیئر مین الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز جنید میو سے مذاکرات کیے اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ محکمہ صحت کی جانب سے تبدیل کیے گئے دونوں ملازمین کی واپسی کے لئے بھرپور سفارش کی جائے گی جس پر دونوں ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر تے ہوئے معمول کے مطابق فرائض کی سر انجام دہی کی یقین دہانی کروائی۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کا شعبہ کسی طور بھی ہڑتال کا متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ انسانی جانیں بچانا اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہمارا اولین فرض ہے جو ہمارے شعبے کے حلف کا بنیادی حصہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے علاوہ نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی اہمیت اپنی جگہ موجود ہے اسی لیے انہوں نے خود اُن سے بات چیت کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر پیر امیڈکس نے فوری طور پر احتجاج ختم کرتے ہوئے آؤٹ ڈور،ایم آر آئی، سی ٹی سکین سمیت تمام شعبوں میں کام شروع کر دیاجس پر مریضوں نے سکھ کا سانس لیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور آؤٹ ڈور میں سروسز کی بحالی پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔پرنسپل جنرل ہسپتال نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں پر واضح کیاکہ وہ ذاتی طور پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے تبدیل کیے جانے والے ملازمین کی واپسی کی درخواست کریں گے اور انشاء اللہ آئندہ 24گھنٹے میں اس معاملے کوحل کرلیاجائے گا۔