اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ ن کے سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان دونوں کو بہترین علاج مہیا کیا جا رہا ہے۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات اور صحت پر بات ہوئی، قانون میں اجازت نہیں ہے کہ ان ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کریں، کامیاب ہو جائے تو وہ انقلاب کہلاتا ہے ناکام ہوئے تو غداری کہلاتا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ایک جماعت بار بار وفاق پر حملہ کرے، اس رویے کو بار بار دہرانے سے بہتری نہیں آتی، اینٹی اسٹیٹ بیانیہ بنایا گیا، اس کا ایک ایک ثبوت دوں گا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بتائے بانی پی ٹی آئی سے کب ملاقات کروائیں گے، انہیں ان کی مرضی کے اسپتال کب منتقل کریں گے؟
علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو اپوزیشن لیڈر نے کہا اس کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں، ہم 15 دفعہ سپریم کورٹ، 24 دفعہ ہائی کورٹ گئے ہمیں ریلیف نہیں ملا، کوئی ملاقات کے لیے نہیں جا سکتا کہ بتائے بانی پی ٹی آئی کی حالت کیسی ہے۔







