جنرل ہسپتال 277

جنرل ہسپتال میں 2روزہ تربیتی کورس، صوبہ بھر سے82 گائنی ڈاکٹرز کی شرکت

لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ گائنا کالوجسٹ زچہ و بچہ کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور یہ ایک خدائی صفت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں انسانیت کی خدمت اور تحفظ آدمیت کیلئے ذمہ داریاں سونپی ہیں، لہذا ان کا یہ فرض ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت اور امراض نسواں کو بہتر انداز میں سمجھنے میں پوری توجہ دیں تاکہ وہ حاملہ خواتین اور دنیا میں آنے والے نومولود بچوں کی زندگیوں کی حفاظت کر سکے۔ان کی ماہرانہ کاوشوں سے ماں و بچہ کی دوران زچگی شرح اموات کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوسٹ گریجویشن کے امتحان میں شرکت کرنے والے ڈاکٹرز کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں منعقدہ تربیتی کورس میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 2روزہ کورس کا اہتمام پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل نے گائنی یونٹ 2میں کیا جس میں صوبہ بھر سے 82ڈاکٹرز نے شرکت کی۔جو ایف سی پی ایس، آئی ایم ایم، ایم ایس، ایم سی پی ایس اور ڈی جی او کے امتحانات میں شریک ہونگے۔ 

پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل نے کہا کہ پروفیسر محمد طیب، پروفیسر روبینہ سہیل، پروفیسر فرحت، پروفیسر میمونہ اشرف کے علاوہ ملک کے ممتاز گائناکالوجسٹ اساتذہ و ماہرین نے شرکاء کو امتحان کی تیاری کے حوالے سے خصوصی لیکچرز دئیے اور رہنمائی فراہم کی۔ ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر ندرت سہیل کا کہنا تھا کہ طلبہ کو پوری خود اعتمادی کے ساتھ امتحان میں شرکت کرنی چاہئے تاکہ وہ امتحانی پرچہ میں پوچھے گئے ہر سوال کا بہتر اور درست جواب دے کر نمایاں کامیابی حاصل کر سکیں۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے امید ظاہر کی امتحان میں شریک تمام مرد و خواتین ڈاکٹرز، مستقبل کے بہترین گائناکالوجسٹ بن کر ابھریں گے اور سرکاری و نجی شعبہ میں دکھی انسانیت کی احسن انداز میں اپنی خدمات سر انجام دے کر نام کمائیں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت، مریضوں کی کونسلنگ اور دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ضروری رہنمائی فراہم کرنے پر سینئر میڈیکل ٹیچرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی پی جی ایم آئی /اے ایم سے کے سٹوڈنٹس کو اپنے وسیع تجربہ و قابلیت سے مستفید کرتے رہیں گے۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں