محمد جاوید قصوری 6

جماعت اسلامی کے دھرنے 22ویں روز میں داخل، ریلیف لئے بغیر کہیں نہیں جائیں گے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پورے ملک میں جماعت اسلامی کے دھرنے 22ویں روز میں داخل ہو گئے ہیں، عوامی مسائل کے حل اور حقیقی ریلیف کے اعلان تک دھرنے جاری رہیں گے، حکومت کو چاہیے کہ مذاکراتی ٹیم کے ساتھ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور محض وقت گزاری کے بجائے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات کرے، عوام اس وقت شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں، پٹرولیم لیوی، مختلف ٹیکسوں اور بھتہ خوری کے ذریعے عوام کی جیبوں پر مسلسل بوجھ ڈالا جا رہا ہے، جس نے عام آدمی سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے،جماعت اسلامی کے دھرنے محدود نہیں ر ہے ،بلکہ پورے پاکستان میں احتجاج کا دائرہ روز بروز وسیع ہو رہا ہے۔

مختلف شہروں میں دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔قائدین کا کہنا ہے کہ جب تک حکمران عوام کو حقیقی اور عملی ریلیف فراہم نہیں کرتے، احتجاج کا سلسلہ ختم نہیں کیا جائے گا اور کارکنان و عوام سڑکوں سے واپس نہیں اٹھیں گے۔ دھرنوں میں مردوں کے ساتھ خواتین، بچوں، بزرگوں، نوجوانوں اور معاشرے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔ عوام کی بڑھتی ہوئی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، بھاری ٹیکسوں اور ناجائز وصولیوں کے خلاف غم و غصہ اب ہر طبقے میں موجود ہے۔دھرنے آہستہ آہستہ مکمل عوامی تحریک کا رنگ اختیار کر رہے ہیں اور عوام کی پذیرائی و شرکت سے ان احتجاجی سرگرمیوں کو مزید تقویت مل رہی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ہر سال اربوں روپے مختلف مدات میں عوام کی جیبوں سے وصول کیے جاتے ہیں، مگر اس پورے نظام میں کوئی ایسا مؤثر ادارہ دکھائی نہیں دیتا جو حکومت کو عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ سے روکے یا ان سے جواب طلب کرے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے متحد ہو جائیں اور ظالم حکمرانوں سے ایک ایک پائی کا حساب مانگیں۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے گوجرانوالہ میں 11 ستمبر کو ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں جلسہ عام کی تیاریوں، مختلف ذمہ داران کو دیے گئے اہداف اور عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر محمد جاوید قصوری نے ضلعی و زونل ذمہ داران کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ 11 ستمبر کے جلسہ عام کو بھرپور عوامی شرکت کے ساتھ کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور پُرامن راستہ اختیار کیا جائے گا۔ حکمرانوں کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر عوامی مطالبات کو تسلیم کریں، مذاکرات کو نتیجہ خیز بنائیں اور ایسے اقدامات کریں جن سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور عوام اپنے حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔اجلاس میں امیر ضلع گوجرانوالہ مظہر اقبال رندھاوا سمیت دیگر ضلعی و زونل ذمہ داران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں