جسٹس محمد امیر بھٹی

جسٹس امیر بھٹی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات،کا نوٹیفیکیشن جاری

لاہور (آئی این پی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس محمد امیر بھٹی کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعینات کر دیا،وزارت قانون و انصاف نے نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس امیر بھٹی 6 جولائی کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان 5 جولائی کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔ جسٹس امیر بھٹی 8 مارچ 1962 کو ضلع وہاڑی کے شہر بورےوالا میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ملتان سے حاصل کی اور 1985 میں ملتان کی بہا الدین زکریا یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری لی جب کہ وہ 12 مئی 2011 میں لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج بھرتی ہوئی۔

گزشتہ روز لاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم خان کا کہنا تھا کہ جب میری پہلی بار لاہور بار کے صدر سے ملاقات ہوئی تو مجھے بہت اچھا گائیڈ کیا، آپ نے ایک بہت اچھا صدر منتخب کیا۔

جسٹس قاسم خان نے کہا کہ میں نے ان سے کہا کہ ہم دونوں نے تعاون سے چلنا ہے اور آپ لوگ ہڑتال نہیں کریں گے، انہوں نے خوب تعاون کیا اور میں نے بہت مشکل وقت میں لاہور ہائیکورٹ میں کام کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم خان کا کہنا تھا کہ قانون پر عمل درآمد سے معاشرے کامیاب ہوتے ہیں۔ نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر حسین بھٹی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انکا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ بار ایسوسی ایشن اور بینچ متحد رہیں، ہم شفقت کا رشتہ قائم رکھیں گے۔