کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعات کی استعداد کار میں بہتری اور طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات پر یقین رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف مکران پنجگور کے شعبہ کمپیوٹر سائنسز کو درپیش مسائل کے حل اور تدریسی معیار کی بہتری سے متعلق منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں شعبہ کمپیوٹر سائنسز کے فوری اور مستقل حل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن محمد صالح بلوچ شریک ہوئے، جبکہ یونیورسٹی آف مکران پنجگور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعادت بلوچ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی آف مکران پنجگور کے شعبہ کمپیوٹر سائنسز میں فوری طور پر پی ایچ ڈی سطح کے چیئرمین اور دو متعلقہ لیکچررز کی تعیناتی کے لیے سمری بلا تاخیر ارسال کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ شعبے میں مستقل اور باقاعدہ تدریسی اسٹاف کی تعیناتی کو بھی جلد از جلد یقینی بنایا جائے گا تاکہ تدریسی عمل کو مؤثر اور معیاری بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ جامعات میں تعلیمی معیار کی بہتری اور خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس جیسے اہم شعبوں کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اور دیرپا اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔









