لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے نامور موسیقار، گلوکار اور موسیقی کے استاد طارق طافو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طارق طافو موسیقی کی دنیا کا ایک بڑا نام تھے جنہوں نے اپنی بے مثال صلاحیتوں، تخلیقی انداز اور موسیقی سے عوام کے دلوں میں منفرد مقام بنایا۔ ان کا شمار پاکستان کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف خود شہرت حاصل کی بلکہ موسیقی کی دنیا کو متعدد باصلاحیت فنکار بھی دیے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طارق طافو نے اپنے مشہور زمانہ گیت ”لہور لہور ہے”کے ذریعے عالمی سطح پر شناخت حاصل کی اور پاکستان کی ثقافت و موسیقی کو دنیا بھر میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ طارق طافو نے اپنی فنی زندگی میں درجنوں آرٹسٹوں کی رہنمائی کی اور انہیں موسیقی کی دنیا میں متعارف کروایا۔ ان کی فنی خدمات پاکستان کے ثقافتی ورثے کا قیمتی حصہ ہیں۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے مرحوم کے اہلخانہ، عزیز و اقارب اور مداحوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طارق طافو جیسے عظیم موسیقار کا خلاء مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا اور ان کا فن ہمیشہ زندہ رہے گا۔









