ڈاکٹر عشرت العباد خان 33

بین الاقوامی سطح پر ہمیں ایک متوازن خارجہ پالیسی اپنانا ہوگی،ڈاکٹرعشرت العباد خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ و روح رواں ایم پی پی ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ بین الاقومی حالات نے دنیا کو مشکلات میں لا کھڑا کیا ہے۔ دنیا ایک نئے دوراہے پر کھڑی ہے ۔ جہاں عالمی سیاست معیشت اور سیکیورٹی کے چیلنجز تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں ۔ بین الاقومی سطح پر طاقت کا توازن بدل رہا ہے۔ مشرق وسطی میں کشیدگی خاص طور پر ایران اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی پیچیدگی نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی معیشت پر اثرانداز ہو رہی ہے۔

تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھائو عالمی منڈیوں میں غیر یقینی کی صورتحال اور بڑی طاقتوں کے درمیان مسابقت نے ترقی پذیر ممالک کے لئے مشکلات کھڑی کردی ہیں ۔ پاکستان بھی ان ہی حالات سے متاثر ہے ، مہنگائی ، بے روزگاری، اور معاشی دبائو ہمارے عوام کو متاثر کر رہے ہیں ۔مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہم ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں ؟انہوں نے یہ بات پنجاب کے مختلف شہروں اور کراچی کے مختلف ٹائونز اور ٹنڈوالہ یار ، پڈ عیدن ، مٹھی، عمر کوٹ میں آن لائن خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ سے دعا گو ہیں کہ ہم ان مشکلات سے نکل جائیں ۔

ہماری سفارت کاری رنگ لائے۔ پاکستان کے حالات کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جبکہ کراچی اس ملک کا معاشی دل ہے۔ اگر یہ دونوں مضبوط ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہوگا۔ ہمیں سیاسی اختلافات پس پشت رکھ کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔ جسکے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی معیشت کو خود کفیل بنائیں ، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں ۔ تعلیم اور ٹیکنا لوجی پر سرمایہ کاری کریں اور کرپشن کے ناسور کو کا خاتمہ کریں ۔ میری پہچان پاکستان ( ایم پی پی ) کا ویژن واضع ہے کہ ایک مضبوط ، خود مختار اور خوش حال ُپاکستان ہم نہ صرف مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ انکے حل بھی پیش کرتے ہیں ۔ بین الاقومی سطح پر ہمیں ایک متوازن خارجہ پالیسی اپنانا ہوگی جہاں ہم اپنے قومی مفاد کو اولین ترجیح دیں ۔ ہمیں دنیا کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا ہوگا۔ مگر اپنی خود مختاری پر سمجھوتہ کئے بغیر ۔

آب پاکستان کامستقبل ہیں دنیا تیزی سے ڈیجیٹل دور میں داخل ہو چکی ہے اور اگر ہم نے خود کو اس دوڑ میں شامل نہ کیا تو ہم پیچھے رہ جائیں گے۔ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے ہمیں متحد ہونا ہوگا نفرت نہیں ، ترقی کی سیاست کرنی ہوگی۔ تقسیم نہیں ، اتحاد کا راستہ اپنانا ہوگا۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ میں مثبت گفتگو کرتا ہوں ۔ کراچی کے واقعات پر دل گرفتہ اور اسکی ترقی مسدود ہونے پر حکومت کو احساس دلاتا ہوں ۔ ترقی کرنے کے لئے اچھی ٹیم اور اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ضروری ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ۔ وزیر اعظم اور ڈپٹی وزیر اعظم کی کاوشیں رنگ لائیں گی ایران اور امریکہ کے تعلقات میں بریک تھرو ہوگا۔ ہمیں خوشی ہوگی کہ کراچی کا میئر اور جماعت اسلامی بیان بازی اور الزامات کی سیاست کے بجائے ساری توانائی شہر کو بنانے پر لگائیں ۔ پنجاب کی حکومت روز ایک نیا پروگرام لانچ کر رہی ہے ہمیں سندھ ، کے پی اور بلوچستان میں بھی اسی طرح کام دیکھ کو مسرت ہوگی۔

صدر زرداری کراچی کی مکمل مانیٹرنگ کریں ۔ تین سال بلدیاتی حکومت کو ہو گئے لیکن ترقی نظر نہیں آرہی ۔ بلاول بھٹو نوجوان لیڈر ہیں کراچی میں ہفتہ وار اجلاس کرکے سرپرائز وزٹ کریں ۔ سارا میڈیا کراچی کی ابتر حالت دکھا رہا ہے آپ بیورو کریسی اور بریفنگ پر بھروسہ نہ کریں کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔ امن وامان بہتر ہوگا تو معاشی اعشاریئے اور بہتر ہوں گے۔ نفرت کی سوچ ہماری نہ رہی اور نہ ہم کسی تعصب کی بنیاد پر کوئی مطالبہ کرتے ہیں ہم عوام کی آواز پہنچاتے ہیں ۔ میرے ساتھی خود بہت سے علاقوں میں اپنی مدد آپ کے تحت کام کر رہے ہیں ۔

ایم پی پی کی ضرورت ہو تو ہمارے ساتھی آپکی مدد کے لئے تیار ہیں ۔پاکستان کو عظیم ریاست بنانے والے سپاہ سالار کو گڈ گورننس سے مضبوط کریں ۔ گورنر سندھ وفاق اور صوبہ کو جوڑیں۔بلوچستان میں ہمارے ساتھی بہت متحرک ہیں اور پورا پاکستان میری پہچان پاکستان کی سوچ اور ہمارے ساتھ ہے۔ ساتھی تیار رہیں ۔ ہمیں بہت کام کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں