شیری رحمان 115

بھوک سے بلکتے فلسطینی بچوں کی آہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا، شیری رحمن

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ بھوک سے بلکتے فلسطینی بچوں کی آہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا،، فرانس اور برطانیہ کا فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ خوش آئند اور بروقت ہے۔

فلسطین سے متعلق فرانس اور برطانیہ کے مؤقف پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیری رحمن نے کہاکہ ظلم کی انتہا کے بعد بالآخر دنیا کو غزہ کا درد محسوس ہونے لگا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھوک سے بلکتے فلسطینی بچوں کی آہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا، فرانس اور برطانیہ کا فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ خوش آئند اور بروقت ہے۔ انہوںنے کہاکہ برطانیہ اور فرانس کا یہ فیصلہ انصاف، انسانی ہمدردی اور عالمی امن کی سمت پہلا عملی قدم ہے۔

انہوںنے کہاکہ فرانس ، برطانیہ اور دیگر ممالک کے دباؤ کے بعد اسرائیل نے غزہ میں امدادی ٹرکوں کو داخل ہونے کی اجازت دی ۔ شیری رحمن نے کہاکہ غزہ میں روز زندگی نہیں، موت بانٹی جا رہی ہے، خوراک اور پانی کو ہتھیار بنا کر ظلم و بربریت کی انتہا کی گئی ۔انہوںنے کہاکہ کئی ماہ سے جاری اسرائیلی بمباری میں 60 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور معصوم بچوں کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ دو ریاستی حل ہی واحد راستہ ہے جو مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن لا سکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو اب صرف بیانات نہیں بلکہ فوری، واضح اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ غزہ کے عوام کو صرف ہمدردی نہیں، تحفظ، خوراک، ادویات اور آزادی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل فوری طور پر جنگ بندی کرے اور غزہ میں انسانی امداد کی مکمل بحالی کی اجازت دے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہر دور میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں